نیوز ڈیسک
سری نگر// جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سر ی نگر کے بشمبر نگر خانیارعلاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم آرائی میں اب تک لشکر سے وابستہ 2 جنگجو مار گئے ہیں ۔
آئی جی کشمیر کے مطابق سری نگر میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہوئے حملے میں مہلوک جنگجو شامل تھے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے بشمبر نگر خانیار علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور ا±نہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور ابتدائی گولیوں کے ابتدائی تبادلے میں ہی ایک جنگجو مارا گیا جبکہ بعد میں فورسز نے دوسرے جنگجو کے مارے جانے کا دعویٰ بھی کیا ہے،مارے گئے دونوں جنگجو لشکرِ طیبہ سے وابستہ تھے۔
دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ سری نگر کے بشبمر نگر علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران جنگجووں نے فورسز پر فائرنگ کی جوابی کارروائی میں 2جنگجو مارے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز سری نگر میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہوئے حملے میں مہلوک جنگجو کا ہاتھ تھا۔
آئی جی کشمیر کے مطابق علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے کیونکہ مہلوک ملی ٹینٹ کا ساتھی بھی پھنس کر رہ گیا ہے۔