سرینگر//الطاف بخاری کی سربراہی والی اپنی پارٹی نے ضلعی ترقیاتی کونسل سرینگر کے چیئر مین کا انتخاب جیت لیا۔ پارٹی نے جنوبی ضلع شوپیان میں بھی چیئر مین اور نائب چیئر مین کے عہدوں پر قبضہ جمالیا۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق اپنی پارٹی کے اُمیدوار آفتاب احمد ملک نے سرینگر کونسل کی سیٹ پر انتخاب جیت لیا۔ انہوں نے 10ووٹ جبکہ اُن کے قریبی حریف نے محض3ووٹ حاصل کئے۔
سرینگر کونسل کیلئے اپنی پارٹی کے نائب چیئر مین کے اُمیدوار بلال احمد نے بھی پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے اُمیدوار منظور احمد بٹ کو شکست دی۔ اس طرح سرینگر کونسل کے نائب اُمیدوار کا انتخاب بھی پارٹی نے جت لیا۔
قابل ذکر ہے کہ سرینگر سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے واحد منتخب ڈی ڈی سی ممبر اعجاز حسین نے بھی اپنی پارٹی کے اُمیدوار وں کے حق میں ہی ووٹ دیا۔
اُدھرجنوبی شوپیان کی کونسل پر بھی اپنی پارٹی نے چیئر مین اور نائب چیئر مین کے عہدوں پر کامیابی حاصل کرلی۔
حکام کے مطابق اپنی پارٹی کی اُمیدوار بلقیس اختر نے8ووٹ حاصل کئے جبکہ اُن کے حریف گپکار الائنس کی اُمیدوار نے محض6ووٹ حاصل کئے۔اس ضلع کونسل کیلئے نائب چیئر مین کا انتخاب قرہ اندازی سے کیا گیا اور یہ عہدہ بھی اپنی پارٹی کے عرفان منہاس کو حاصل ہوگیا۔اس سے قبل نائب چیئر مین کے انتخاب کیلئے دو اُمیدواروں نے یکساں ووٹ حاصل کرلئے۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی ضلع کے کولگام کی کونسل کیلئے کیمونسٹ پارٹی (ایم) کے اُمیدوار کو متفقہ طور چیئر مین کے عہدے کیلئے منتخب کیا گیا۔