سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے مکانات و شہر ی ترقی کے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کے ساتھ ملاقات کرکے ریاستی شہری ترقیات و مکانات کے شعبے کے لئے خصوصی رقومات واگذار کرنے کی مانگ کی۔ انہوں نے سمارٹ سٹی مشن کے تحت سرینگر اور جموں میں ریاستی سرکار کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں مرکزی وزیر کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ریاستی سرکار پُر امید ہے کہ ان دو شہروں کو جلد ہی سمارٹ سٹی مشن میں شامل کیا جائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر کے ساتھ امرُت پروگرام پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ریاست کے پانچ بڑے قصبوں کو اس میں شامل کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت جامع اور ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ شہروں کو جدید سہولیات میسر ہوسکیں۔نیشنل ہیر ٹیج سٹی ڈیولپمنٹ یوجنا کے تحت دیگر ثقافتی جگہوں کو اس میں شامل کرنے کی مانگ کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں بہت ساری تواریخی جگہیں موجود ہیں جنہیں پروگرام کے دائرے میں لانے کی ضرورت ہے ۔کیونکہ اس سے ریاست کے قیمتی ثقافتی ورثے کی عکاسی اور تحفظ میں مد د ملے گی ۔ مرکزی وزیر نے یقین دلایا کہ وہ ان معاملات پر غور کرکے ان کے ازالے کے لئے متعلقین کو ضروری ہدایات جاری کریں گے۔نائب وزیر اعلیٰ نے بعد میں دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے مرکزی وزیر این ایس تومر کے ساتھ ملاقات کرکے اس شعبے سے جڑے کئی امور پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پی ایم جی ایس وائی کے تحت مزید دیہی سڑکوں کو ہاتھ میں لینے کی مانگ کی تاکہ ریاست کے دور دراز علاقوں کو جوڑا جاسکے ۔ انہوں نے این آر ڈی ڈبلیو پی کے دائرے کو مزید وسعت دینے کی مانگ کی تاکہ ریاست کے مختلف دیہی علاقوں میں رہنے والے عوام کو پینے کے صاف پانی اور آبپاشی کی سہولیات دستیاب کرائی جاسکیں۔اس کے علاوہ انہوں نے منریگا اور دیگر فلیگ شپ پروگراموں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی وزیر نے یہ یقین دلایا کہ وہ نائب وزیر اعلیٰ کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات کو وقت پر حل کرنے کو یقینی بنائیں گے۔