سرینگر اورجموں میں تکنیکی تعلیمی بورڈ کے دفاتر کی تعمیر

 جموں//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے  سری نگر اور جموں میں جے کے بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (بی او ٹی ای) کے دفتر کمپلیکس کی تعمیر کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایس ڈی ڈی اور ایگزیکٹو ایجنسیوں کے سینئر افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ سجاد حسین گنائی ، چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) محکمہ جموں ، سیکرٹری جموں و کشمیر بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ، ڈائریکٹر فائنانس سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کمپلیکسوں کی تعمیر کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لئے مربوط کوششیں کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ دفاتر اس وقت اہم ہیں کیوں کہ وہ اِنتظامیہ اور ان کے زیر انتظام انتظامیہ کے مابین رابطے کی حیثیت رکھتے ہیں۔اِس موقعہ پر سری نگر اور جموں میں بی او ٹی ای آفس کمپلیکس کی تعمیر کے پرپوزل کی تفصیلی رِپورٹ  ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی نے پیش کی اورمیٹنگ کو بتایا گیا کہ سری نگر کمپلیکس کی چار منزلیں ہوں گی اور انہیں آر سی سی فریم ڈھانچے کے ساتھ ایل ای ای ڈی کے گرین تصور یا جی آر آئی ایچ اے کی درجہ بندی ریٹنگ کے تحت  تعمیر کیا جارہا ہے ۔گرمائی دارالخلافہ سری نگر کا یہ کمپلیکس بمنہ بائی پاس سری نگر میں ہے  جس پر582 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی جبکہ بکرم چوک جموں میں اسی طرح کا کمپلیکس  (G + 4) ہے جس پر 531.56 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔میٹنگ کو مزید بتایا گیا کہ ایک ہی ورکنگ سیزن میں پورا تعمیراتی کام ایک ہی مرحلے میں مکمل کیا جائے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سی پی ڈبلیو ڈی پلنتھ ائیریا ریٹس ، 2020 پر یہ تخمینہ تیار کیا گیا ہے جس میں مٹی کی تفتیش ، کنسلٹنسی چارجز ، سول ورکس ، بجلی سے متعلق کام ، سینٹری ورکس ، فائر فائٹنگ سسٹم ، واٹر سپلائی ، فرنیچر اور فکسچر سمیت دیگر پیرامیٹرس کی لاگت شامل ہے۔