سرینگر اسمارٹ سٹی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد

نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر میں اسمارٹ سٹی کے مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ایک بار مکمل ہونے والے نئے منصوبے شہری بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کریں گے، شہر کی خدمات کو بہتر بنائیں گے، عوامی جمالیات، زندگی میں آسانی پیدا کریں گے اور شہریوں کو صاف ستھرا اور پائیدار ماحول فراہم کریں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کو شہری نظم و نسق کو بہتر بنانے اور اس تاریخی شہر کی پوشیدہ تخلیقی صلاحیتوں کو کھولنے پر واضح توجہ کے ساتھ تشکیل دیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہم شہروں میں جامع اور پائیدار ترقی کے مشن کو تیز کرنے کے لیے موثر اقدامات کر رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ عہدیداروں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ پراجیکٹس کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں۔ان منصوبوں میں بٹہ مالو میں روایتی سوق مارکیٹ اور کرافٹ سنٹر کی تعمیر شامل ہے ،جس کی تخمینہ لاگت  31.22 کروڑ روپے ہے۔بٹہ مالو-قمرواری روڈ کی 14.61 کروڑ روپے کی لاگت سے بہتری اور اپ گریڈیشن ،مومن آباد روڈ کی10.24 کروڑ روپے  کے علاوہ 25.46 کروڑ مالیت کا گول مارکیٹ کرن نگر روڈ ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ شامل ہے۔ بٹہ مالو میں روایتی سوق مارکیٹ اور کرافٹ سنٹر میں وادی کشمیر کے دستکاری، خشک میوہ جات، مصالحہ جات اور دیگر خصوصی اشیا کی خوردہ سہولت کے علاوہ ثقافتی سرگرمیوں، نمائشوں، علیحدہ منظم وینڈنگ زون اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کے لیے وقف پلازہ بھی شامل ہوگا۔بٹہ مالو-قمرواری روڈ اور بٹہ مالو-مومن آباد روڈ کی بہتری اور اپ گریڈیشن میں شہریوں پر مبنی ترقیاتی کام ہوں گے۔مزید برآں، گول مارکیٹ-کرن نگر روڈ ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں کئی خصوصیات شامل ہوں گی ،جیسے سماجی سرگرمیوں کے لیے سینٹرل پبلک پلازہ، ملٹی یوٹیلیٹی زون، آن اسٹریٹ پارکنگ بے، وغیرہ۔بعد میں، لیفٹیننٹ گورنر نے 107 ڈور ٹو ڈور الگ الگ کچرا جمع کرنے والی گاڑیوں کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر عوام کے استعمال کے لیے فائر واٹر کے نئے ٹینڈرز اور دیگر خصوصی فائر فائٹنگ آلات کو بھی وقف کیا۔