سرینگر/سرینگر۔ جموں شاہراہ سنیچر کو مسلسل تیسرے روز بند ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ اس شاہراہ پر بانہال اور رام بن کے درمیان تازہ پسیاں گر آئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرانی پسیاں ہٹانے کا کام جاری تھا کہ آج صبح نئی پسیاں گر آنے سے شاہراہ پر مزید رکاوٹیں پیش آئیں۔
محکمہ ٹریفک کے مطابق شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق ایک سو درماندہ ٹینکر، جو جموں سے پیٹرول لیکر آرہے تھے، نے گذشتہ رات دیر گئے جواہر ٹنل پار کی۔
اب بھی کم و بیش تین ہزار گاڑیاں، جن میں زیادہ تر مال بردار گاڑیاں شامل ہیں، قاضی گنڈ اور بانہال کے درمیان درماندہ ہیں۔
شاہراہ کے مسلسل بند رہنے کی وجہ سے اہل وادی کو اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
اس پر ستم یہ کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا حد تک اضافہ کیا ہے۔