سرینگر۔جموں شاہراہ جزوی طور کھلی

سرینگر/سرینگر۔جموں شاہراہ کو سوموار کے روز یکطرفہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

محکمہ ٹریفک کے مطابق آج گاڑیوں کو جموں سے سرینگر کی طرف چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ مخالف سمت سے کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ذرائع نے کہا کہ گذشتہ شام بانہال اور لور منڈا علاقے میں پھسلن کی وجہ سے کم و بیش تین ہزار درماندہ گاڑیاں جواہر ٹنل پار نہیں کرسکیں۔تاہم سرکاری ذرائع نے کہا کہ مذکورہ گاڑیوں کو آج علی الصبح منزل کی طرف بڑھنے کی اجازت دیدی گئی۔

واضح رہے کہ گذشتہ دس پندرہ روز سے موسم کی خرابی کے باعث مذکورہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل میں دشواریاں پیش آرہی ہیں جس کی وجہ سے وادی میں ضروری اشیاء کی کمی واقع ہوئی ہے۔