عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// کاشپیکس2023 رنگا رنگ ثقافتی تقاریب اور کاشپیکس کے مختلف مقابلوں کے فاتحین میں انعامات کی تقسیم کے ساتھ یہاں ایس کے آئی سی سی سرینگر میں اختتام پذیر ہوا۔ثقافتی تقریب کا آغاز کشمیر کے معروف صوفی گلوکار شفیع سوپوری کی پرفارمنس سے ہوا۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر کی بھرپور ثقافت اور لوک رقص کی عکاسی کرنے والے فنکاروں کی موسیقی اور رقص پرفارمنس نے سامعین کو محظوظ کیا۔کرنل ونود کمار، چیف پوسٹ ماسٹر جنرل، جے اینڈ کے سرکل نے پروفیسر (ڈاکٹر) روبی زوتشی، پرنسپل، انسٹی ٹیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹس، کشمیر یونیورسٹی کے ہمراہ تھکسے مونسٹری لہہ پر ایک خصوصی کور جاری کیا۔ اس موقع پر پروفیسر افتخار جعفر، سینئر انسٹرکٹر میوزک اینڈ فائن آرٹس بھی موجود تھے۔کاشپیکش 2023 کو سرینگر، جموں اور لیہہ کے نمایاں اور اہم مقامات پر خصوصی کور جاری کرکے منایا گیا۔چیف پوسٹ ماسٹر جنرل، جے اینڈ کے سرکل نے کوئز مقابلہ جو نمائش کے دوسرے دن نو اسکولوں کے طلباء کے لیے منعقد کیا گیا تھا، کوانعامات سے نوازا۔ کشمیر ہارورڈ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے معین الدین نقاش، محمد سعید اور اجمل کو پہلی پوزیشن کے لیے ٹرافی دی گئی جبکہ سینٹ پالز انٹرنیشنل اکیڈمی سے ادیبہ بلال، زینب رقیہ اور محمد حاذق جان اور کیسیٹ ایکسپیریمنٹل سکول سے ہادیہ بنت الطاف، عنبرینہ خورشید اور آفرین بٹ کو بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن کیلئے ٹرافی دی گئی۔اس موقع پر آج منعقد ہونے والے پینٹنگ مقابلے کے فاتحین کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔