سرینگرملک کاخوبصورت ترین شہر:چیف سیکریٹری

سرینگر//سرینگر شہر کو ملک کا ایک خوبصورت ترین شہر قرار دیتے ہوئے ریاست کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کہا کہ صفائی ستھرائی ترقی کی منزل حاصل کرنے میں ایک اہم رول ادا کرتی ہے ۔ چیف سیکرٹری نے ان باتوں کا اظہار صبح دریائے جہلم کے کنارے پیرزو سے’ گوگرین‘ خاص صفائی مہم کی شروعات کے بعد کیا ۔ اس صفائی مہم کا اہتمام تکنیکی تعلیم محکمہ نے کیا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے مقامی لوگوں ، رضا کاروں اور طالب علموں سے تلقین کی کہ وہ اس صفائی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے ساتھ ساتھ صفائی سے متعلق جانکاری عام کریں تا کہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو سرینگر کی جانب راغب کیا جا سکے ۔ اس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کہا کہ صفائی کی مخصوص مہمات چلانے کے ساتھ ساتھ اسے ایک عادت بنایا جانا چاہیے ۔ بصیر احمد خان نے کہا کہ یہ مہم ایک ہفتے تک جاری رہے گی جس کے بعد دیگر محکموں کو بھی ایسی مہمات کے انعقاد کیلئے متحرک کیا جائے گا ۔ بعد میں چیف سیکرٹری نے تکنیکی تعلیم محکمہ اور انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی چیوٹ کے اہتمام سے منعقدہ ایک نمائش کا بھی معائنہ کیا جس میں آئی ٹی آئی کے طالب علموں کی جانب سے تیار کی گئی مختلف مصنوعات رکھی گئی ہیں ۔ اس موقعہ پر آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی ، سیکرٹری تکنیکی تعلیم اے کے ساہو ، ڈپٹی کمشنر سرینگر عابد رشید شاہ ، ناظم تکنیکی تعلیم انو ملہوترہ ، کمشنر ایس ایم سی پیر حفیظ اللہ اور ڈائریکٹر رورل سینی ٹیشن اندو چب کے علاوہ دیگر کئی حکام بھی موجود تھے ۔