سرینگر //سرینگر ہوائی اڈہ سے بین الاقومی پروازیں اور کار گو آپریشن بدھ سے شروع ہو گیا ہے۔سرینگر سے پہلی گو فسٹ ائیر الائنس کی پرواز G81595 نے اڑان بھری جس میں 108مسافر سوار تھے۔ ائرپورٹ ڈائریکٹر کلدیب سنگھ نے بتایا کہ ہوائی اڈے سے بین الاقوامی کارگو آپریشنز کے افتتاح کے بعد یہ پہلی بین الاقوامی پرواز بھی ہے جس نے اڑان بھری ہے اور اب پروازیں باقاعدگی سے ہر منگل اور بدھ کو چلائی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پرواز زیادہ سے زیادہ تین ٹن سامان شارجہ لے جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہماری صنعتی، زرعی اور دستکاری کی مصنوعات کی برآمد کیلئے دروازے کھل گئے ہیں،ہم کشمیر کے تمام کاروباری اداروں اور برآمد کنندگان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سری نگر چھٹیوں کے مشہور مقامات ہیں اور گو فسٹ پروازیں آسان سفری اختیارات کا آغاز کریں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ خدمات سرینگر اور شارجہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط میں بھی مدد کریں گی۔
سرینگرشارجہ فضائی سروس بحال
