سرینگرجموں شاہراہ آج بند رہے گی

بانہال//محمدتسکین//ضروری مرمت کے پیش نظر آج سرینگر جموں شاہراہ ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند رہی گی۔  سرینگر جموں شاہراہ پر ضروری مرمت کے پیش نظر آج یعنی بدھ کو ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہے گی اور کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ محکمہ ٹریفک کی جانب سے جاری کردہ ایڈ وائزری کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ ضروری مرمت کے پیش نظر بدھ کو ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند رہے گی اور کسی بھی گاڑی کو نہ تو سرینگر سے جموں اور نہ ہی جموں سے سرینگر آنے کی اجازت ہو گی ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی شاہراہ ضروری مرمت کے پیش نظر ٹریفک کی آمد رفت بند رہتی تھی ۔ محکمہ ٹریفک کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ کو سرینگر جموںشاہراہ پر ضروری مرمت کے پیش نظر کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیںہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پہلے ہی حکمنامہ جاری کردیا گیا ہے جس دوران تمام مسافروں اور فوجی اہلکاروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بدھ کے روز شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ تمام مسافروں سے تاکید کی گئی ہے کہ سفر سے پہلے محکمہ ٹریفک سے رابطہ ضروری کریں۔ادھرجموں سرینگر شاہراہ پر منگل کے روز کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے مسافروں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔  قصبہ بانہال میں مسلسل ٹریفک جام سے لوگ اور دکاندار پریشان ہیں جبکہ شاہراہ پر رامبن بانہال سیکٹر میں آئے روز کے ٹریفک جام سے ضلع رامبن کے مسافروں اور عام لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔منگل کے روز بانہال اور رامبن کے درمیان کئی مقامات پر ٹریفک جام رہا تاہم بعد دوپہر دو بجے سے اس پر قابو پایا گیا۔منگل کے روز شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف سے جبکہ مال  بردار گاڑیوں کوقاضی گنڈ سے آگے چلنے کی اجازت تھی۔