سرینگربین الاقوامی ہوائی اڈے کی مرمت

سرینگر //بین الاقوامی ہوائی اڈہ سرینگر کے حکام کے مطابق فروری اور مارچ کے مہینے میں جمعہ، ہفتہ اور اتوارکیلئے طے شدہ پروازیں شام 5بجے کے بعد نہیں چلیں گی کیونکہ ان دنوں رن وے پر مرمتی سرگرمیوں کو انجام دیا جائے گا۔حکام نے ان مسافروں سے کہا، جنہوں نے جمعہ، ہفتہ یا اتوار کو شام 5بجے کے بعد اپنی پروازیں بک کرائی ہیں،کہ وہ روانگی کے نظرثانی شدہ اوقات کی تصدیق کریں۔سرینگر ائیر پورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر کلدیب سنگھ نے بتایا ’’ فروری اور مارچ کے مہینوں میں رن وے پر پولیمر موڈیفائیڈ ایملشن کا کام شروع کر رہے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہاکہ یہ پرواز کے آپریشن کے لیے رن وے کو مضبوط بنانے اور ٹوٹ پھوٹ کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری ہے۔ یہ کام ہر ہفتے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کیا جائے گا، اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ رات کے وقت شام 5بجے سے صبح 6بجے تک کام کرکے پرواز میں خلل کو کم سے کم کیا جاسکے‘‘۔اْنہوں نے مزید کہا کہ پروازیں صبح 6بجے سے شام 5بجے تک چلائی جائیں گی۔جو پروازیں بند ہونے کے اس وقت کے دوران آپریٹ ہونے والی تھیں ان کو روزانہ شام 5بجے سے پہلے چلانے کے لیے دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے۔ متعلقہ ایئر لائنز کی طرف سے تمام متاثرہ مسافروں کو معلومات پہلے ہی دے دی گئی ہیں۔