سرینگراورجموں کے درمیان ڈیکوٹا سروس شروع کی جائے:حکیم

سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک فورم کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے سرینگر جموں شاہراہ کی ناگفتہ بہہ حالت کے پیش نظر جموں اور سرینگر کے درمیان فوجی ڈیکوٹا سروس کابندوبست کرنے کی لیفٹینٹ گورنر سے اپیل کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سرینگر اور جموں کے درمیان فوجی ڈیکوٹاسروس کو تب تک مستقل طور چالو رکھا جاناچاہیے جب تک سرینگرجموں شاہراہ کو چار گلیاروں والی سڑک میں تبدیل کرنے کا کام مکمل نہیں ہوجاتا۔حکیم یاسین نے کہا کہ سرینگرجموں شاہراہ کے باربار بند رہنے کی وجہ سے کشمیراور لداخ کے ایک کروڑ لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،اس لئے فوجی ڈیکوٹا سروس کاانتظام کرنا وقت کی ضرورت اور مجبوری ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیلا موڈ کے نزدیک سڑک ڈھہ جانے کی وجہ سے سرینگرجموں شاہراہ کی فوری بحالی کے امکانات مخدوش ہوگئے ہیں ۔