سرینگراورجموں میں انجمن اردوصحافت کے تعزیتی اجلاس

سرینگر//جموں کشمیر کے معروف صحافی غلام نبی شیداء کوخراج عقیدت پیش کرنے اورآئندہ لائحہ عمل کاجائزہ لینے کیلئے انجمن اْردوصحافت جموں وکشمیر کے ذمہ داروں اور سینئراراکین کے دواہم اجلاس سرینگراورجموں میں منعقد ہوئے ۔موصولہ بیان کے مطابق ایوان صحافت کشمیر میں بدھ کوبعددوپہر انجمن اْردوصحافت جموں وکشمیر کے زیراہتمام ایک تعزیتی مجلس منعقد ہوئی ،جس میں چیف آرگنائزر فردوس رحمان ،ترجمان زاہد مشتاق ،صوبائی صدربلال فرقانی ،خزانچی اظہررفیقی اورصدرکے مشیر ناظم نذیر نے شرکت کی جبکہ اس تعزیتی میٹنگ میں مرحوم غلام نبی شیداء کے ایک قریبی ساتھی اور اردودزبان کے محب شیخ غلام قادرمدنی ساکن پٹن نے بھی شرکت کی۔اس تعزیتی میٹنگ میں مرحوم غلام نبی شیداء کی صحافتی اورسماجی خدمات پرروشنی ڈالتے ہوئے شیخ غلام قادرمدنی اوربلال فرقانی نے کہاکہ موصوف ایک نڈراوربے باک صحافی تھے ،جنہوں نے کبھی اپنے مفادات کیلئے صحافتی اصولوں کاسودانہیں کیا۔ تعزیتی میٹنگ کے آخر میں مرحوم غلام نبی شیداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعاء کی گئی ۔اُدھر جموں میں انجمن اردوصحافت جموں وکشمیر کے جنرل سیکریٹری امتیاز احمدخان کی صدارت میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں مرحوم غلام نبی شیداء کے حق میں مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی گئی۔میٹنگ میں جن ممبران نے شرکت کی، ان میں سید دلاور حسین (کشمیر عظمیٰ) ، محمد شفیع میر (اڑان)، محمد اشرف (ای ٹی وی بھارت)، شبیر احمد (9نیوز اردو) اور مظہر اقبال خان (اڑان) شامل ہیں۔ میٹنگ میں تنظیمی امور پر بھی تباد لہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں اردوصحافت اوراسے وابستہ صحافیوںکودرپیش مشکلات پرغوروخوض کیاگیا۔جنرل سیکریٹری امتیاز احمدخان نے میٹنگ میںانجمن اْردوصحافت جموں وکشمیر کے قیام کابنیادی مقصد اوراسکے اہداف واضح کئے۔انہوں نے کہاکہ انجمن اْردوصحافت پورے جموں وکشمیر میں اْردوصحافت سے وابستہ صحافیوں،نامہ نگاروں اوردیگر متعلقین کی صلاحیت سازی کے مشن پرکام کررہی ہے اوراس مقصد اورمشن کے تحت حالیہ دوبرسوں کے دوران انجمن کی جانب سے کشمیراورپونچھ میں تربیتی ورکشاپ منعقد کئے گئے۔انہوں نے مزیدکہاکہ انجمن کوفعال اورمتحرک بنانے کے ساتھ ساتھ اْردوصحافت کودرپیش مشکلات کاحل تلاش کرنے کیلئے ایک لائحہ عمل مرتب کیاگیا ہے۔اس میٹنگ میں موجود صحافیوں نے انجمن کے مشن اورمقاصدکی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ وہ انجمن اْردوصحافت جموں وکشمیر کی مخلصانہ کوششوں میں اپنا رول اداکرنے کیلئے تیار ہیں۔اس موقع پر میٹنگ میں سبھی ساتھیوں نے انجمن کے کام کاج کو حوصلہ بخش قرار دیتے مشورہ دیا کہ مستقبل قریب میں جموں میں بھی ورکشاپ منعقد کیا جائے۔
 
 

سوگوار کنبے سے تعزیت کا سلسلہ جاری

سرینگر//وادی کے معروف صحافی وسماجی کارکن مرحوم غلام نبی شیداء کے آبائی گھرواقع گوری پورہ پلوامہ اورسرینگرکی رہائش گاہ میں جمعرات کو بھی تعزیتی مجالس کا سلسلہ جاری رہا۔جمعرات کوسماج کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھائی اورمرحوم کوخراج پیش کیا۔اس سلسلے میں جے کے ایڈیٹرس فورم کاایک وفدبھی مرحوم غلام نبی شیداء کے سوگواراہل خانہ کی تعزیت پرسی کیلئے گیا۔ رہبر تعلیم ٹیچرس فورم نے وادی کی آواز کے مدیر اعلیٰ اور معروف صحافی غلام نبی شیدا کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں فورم کے چیئرمین فاروق احمد تانترے نے کہا ہے کہ مرحوم ادب اور صحافت میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک بیباک صحافی اور ادیب تھے جس کے لئے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔انہوںنے شہر بین کے نگراں اور ایڈیٹر مقصود احمد کے چچا  اور نیوز18 اردو کے نامہ نگار برائے بارہمولہ پیر سجاد کی اہلیہ کی موت پر بھی دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے مغفرت اورسوگواران کیلئے صبر کی دعا کی ہے۔