سرینگرائرپورٹ کے نئے گھریلو کارگوکمپلکس کاکام کاج شروع

سرینگر/اشفاق سعید/بین الاقوامی ہوائی اڈہ سرینگر سے 14کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والے نئے ڈومیسٹک کارگو کمپلیکس سے منگل کے روز کارگو آپریشنز شروع کئے گئے۔ہوائی اڈرہ سرینگر کے ڈائریکٹر کلدیپ سنگھ نے کہا کہ یہ مسافروں اور دیگر متعلقین کیلئے بہتر خدمات فراہم کرنے کی ہماری کوششوں کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نئے کمپلیکس میں کولڈ سٹوریج، حساس و خطرناک سامان رکھنے کا بھی انتظام ہے۔ان کا کہنا تھا’ہم نے کارگو کی سکریننگ کے لئے دو ایکسرے مشینیں بھی رکھی ہیں اور کارگو کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پورے کمپلیکس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ ہمارا اپنا عملہ کمپلیکس کے انتظام و انصرام کی نگرانی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سرینگر ہوائی اڈے کے کیچمنٹ علاقے کے کارگو بر آمد کنند گان اور در آمد کنندگان کو بہتر خدمات و سہولیات میسر رکھی گئی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس نئے کمپلیکس کو زائد از چودہ کروڑ روپیوں کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔