عارف بلوچ +خالد جاوید
اننت ناگ +کولگام //سرہامہ سری گفوارہ بجبہاڑہ اور دمحال ہانجی پورہ کولگام میں درمیانی شب دو مسلح تصادم آرائیوں کے دوران ایک ملی ٹینٹ کمانڈر جاں بحق جبکہ 2فرار ہوئے۔تصادم آرائی میں فوج کے دو اہلکار زخمی ہوئے اور ایک رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا۔بجبہاڑہ کے چند علاقوں میں انٹر نیٹ خدمات معطل کی گئیں۔
سرہامہ
پولیس نے بتایا کہ انہیں ایپل کالونی سرہامہ سری گفوارہ بجبہاڑہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد سحری سے قبل3آر آر،118بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے مشترکہ طور پر محاصرہ کیا اور مشتبہ مقام کے اردگرد ناکہ بندی کی۔پولیس نے کہا کہ جونہی تلاشی کارروائی کا آغاز کیا گیا تو ابتدائی طور پر کچھ فائرنگ ہوئی لیکن بعد میں مکمل خاموشی چھا گئی۔لیکن صبح کے وقت آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا جس کے بعد طرفین کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں ایک ملی ٹینٹ جاں بحق ہوا۔مسلح جھڑپ میںجاوید احمد راتھر ولد عبدالخالق راتھر کے رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا۔بعد میں جاں بحق ملی ٹینٹ کی شناخت نثار احمد ڈار عرف مصیب ولد غلام حسن ڈار ساکن ریڈونی کے بطور ہوئی جس نے4اپریل 2021 کو ہتھیار اٹھائے تھے۔پولیس کے مطابق جنگجوئوںکو لائوڈ سپیکر کے ذریعے ہتھیار ڈالنے کی اپیل بھی کی گئی تاہم انہوںنے پیش کش ٹھکراتے ہوئے گولیاں برسائیں ۔
کولگام
کولگام ضلع کے دمحال ہانجی پورہ کے چک صمد گاؤں میں پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم کے ساتھ ایک مختصر گولی باری کے بعد عسکریت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔مذکورہ گائوں میں دو ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بعد پولیس نے9آر آراور18بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔ جونہی مشترکہ تلاشی پارٹی نے کارروائی شروع کی تو گائوں میں موجود ملی ٹینٹوں کے درمیان انکی تصادم آرائی صبح 4 بجے کے قریب شروع ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد مکمل خاموشی چھا گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میںفوج کے دو اہلکارروہت یادو اورانکوش کمار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔اسکے بعد تلاشی آپرین کچھ دیر تک معطل کیا گیا لیکن دوبارہ تلاشی کارروائی کے دوران ملی ٹینٹوں کے ساتھ کوئی دوسرا رابطہ قائم نہیں ہوا، جس سے معلوم ہوا کہ جنگجو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔صبح کافی دیر تک یہاں تلاشیاں جاری رہیں لیکن بعد میں محاصرہ ہٹایا گیا۔
جنوری سے ابتک 45ملی ٹینٹ مارے گئے: آئی جی
نیوز ڈیسک
سرینگر// انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے ہفتہ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں اس سال جنوری سے اب تک 45 ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اننت ناگ ضلع کے سرہامہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں لشکر طیبہ کا ایک کمانڈر مارا گیا۔انہوں نے کہا کہ کولگام میں ایک مقامی اور ایک پاکستانی ملی ٹینٹ کی موجودگی کی اطلاع ہے۔ آپریشن جاری ہے۔ کمار نے کہا کہ اس سال جنوری سے اب تک 45 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں‘‘ ۔
حوالہ کیس
روپوش سابق وزیر بابو سنگھ گرفتار
نیوز ڈیسک
جموں // حوالہ کیس میں گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش سابق وزیر بابو سنگھ کو پولیس نے ایک خصوصی آپریشن کے دوران کٹھوعہ سے گرفتار کیا ۔پولیس کو پنجاب بارڈر کے قریب واقع علاقے میں اس کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد مشترکہ ٹیموں نے آپریشن کیا اور مبینہ طور پر اسے گرفتار کر لیا۔سابق وزیر کو کٹھوعہ ضلع کے راج باغ پولیس چوکی میں زیر حراست رکھا گیا ہے۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ جموں میں ایک شخص سے 6.90 لاکھ روپے سے زائد کی برآمدگی کے بعد وہ حوالہ منی لانڈرنگ کیس میں مطلوب تھا۔ محمد شریف شاہ (64)، ساکن سید پورہ، لارنو، کوکرناگ نے سابق وزیر بابو سنگھ کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔اس کیس میں ابتک 4افراد کی گرفتاری ہوچکی ہے اور اب سابق وزیر کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔