سرگرم افراد کی تعداد4 لاکھ سے نیچے آگئی

نئی دہلی // ملک میں اس مہینے میں پہلی بار ، کورونا وائرس (کووڈ۔ 19) وبا کے فعال مریضوں کی تعداد چار لاکھ سے نیچے آ گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28،204 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ پیر کے روز ملک میں 54 لاکھ 91 ہزار 647 افراد کو کورونا کے خلاف ویکسین دی گئی اور اب تک 51 کروڑ 45 لاکھ 268 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے ۔منگل کی صبح مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 28،204 نئے کیسز کی آمد کے ساتھ ، متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 19 لاکھ 98 ہزار 158 ہو گئی ہے ۔ اس دوران 41 ہزار 511 مریضوں کی صحت یابی کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی کل تعداد تین کروڑ 11 لاکھ 80 ہزار 968 ہو گئی ہے ۔ ایکٹو کیسز 3،680 کم ہو کر تین لاکھ 88 ہزار 508 رہ گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 373 مریضوں کی موت کے باعث اموات کی تعداد بڑھ کر چار لاکھ 28 ہزار 682 ہو گئی ہے ۔ ملک میں فعال کیسز کی شرح کم ہو کر 1.21 فیصد ، صحت یابی کی شرح 97.45 فیصد اور اموات کی شرح 1.34 فیصد ہو گئی ہے ۔