سرکردہ مزاحمتی رہنما شمس الحق کی 24ویںبرسی

 سرینگر//پیپلز پولیٹکل فرنٹ، نیشنل فرنٹ ،انجمن شرعی شیعیان،لبریشن فرنٹ (ح)،سالویشن مومنٹ ، وی اووی ،پیپلز لیگ، ماس مونٹ، مسلم کانفرنس ، محاذ آزادی، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس، ینگ مینز لیگ اور تحریک استقامت کے علاوہ سماج کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے سرکردہ اسلامی اسکالر اور آزادی پسند رہنما غلام محمد میر المعروف شمس الحق کی 24ویں برسی پرانہیں خراج عقیدت ادا کیا ۔ اس دوران مزار شہداءعیدگاہ میں ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا۔پیپلز پولیٹکل فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل نے ایک وفد کی صورت میں مزار شہداءجاکر دعائیہ مجلس میں شرکت کی اورمرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا ”یہ ہماری اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے کہ ہم قربانیوں کو ہمیشہ یاد ررکھیںاور مشن کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے جد وجہد جاری رکھیں۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ ،لبریشن فرنٹ (ح)چیئرمین جاوید احمد میر، ووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر روف احمد خان، نیشنل فرنٹ ترجمان،میرواعظ بڈگام،جی این وسیم اورمشتاق الحق نے اسلامی سکالر اور سرکردہ آزادی پسند رہنماءشمس الحق کو انکی 24ویں برسی پر مزار شہداءعیدگاہ میں شرکت کی اورمرحوم کو خراج عقیدت ادا کیا ۔مشترکہ بیان میں خراج عقید ت ادا کرتے ہوئے کہا گیاکہ شمس الحق معروف و مشہور اسلامی سکالر ہونے کے ساتھ ساتھ سرکردہ آزادی پسند لیڈروں میں شمار کئے جاتے ہیں جس نے کشمیر کی آزادی کی خاطر اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔مجلس کے اختتام پر میرواعظ بڈگام نے اُن کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔پیپلز لیگ کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے شمس الحق کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے تحریک آزادی کے تئیں ان کی خدمات کو یاد کیا۔ ماس مونٹ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے مرحوم کو ایک بے باک عالم اور جری کمانڈر قرار دیا،جنہوں نے کھبی بھی اپنے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی نے کہا کہ ایک ہی ماہ میںشمس الحق اور انکے بردار کوجاں بحق کیا گیا،جو اس بات کا عین ثبوت ہے کہ شمس الحق کا ایمان کس قدر مضبوط و مستحکم تھا۔انہوں نے کہا کہ موصوف نے بطور ایک عالم دین اور معلم کے علاوہ داعی کا کردار بھی ادا کیااور راہ حق میں انمٹ نقوش چھوڑ دئے جو مشعل راہ ہیں۔خاتون مزاحمتی رہنما نے کہا کہ شمس الحق کو یہ اعزاز بھی حاصل ہیں کہ جموں کشمیر کے علاوہ بیرون ممالک میں بھی ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ امام کعبہ نے بھی ان کی غائبانہ نماز جنازہ کی پیشوائی کی۔ مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو، ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی اور تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں خراج عقیدت اداکرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کی آزادی تک پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا حسن نے شمس الحق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے موصوف کی تحریکی خدمات کے ساتھ ساتھ ان کی دینی، علمی اور تبلیغی خدمات کو یاد کیا۔ آغا حسن نے کہا کہ شمس الحق ایک تجربہ کار عسکری کمانڈر ہونے کے ساتھ ساتھ باصلاحیت مبلغ اور عالم دین تھے،جنہوںنے رواں جدوجہد کو ایک نئی جہت عطا کی۔