سرکردہ صحافی مرحوم قاسم سجاد کو دوسری برسی پرخراج عقیدت اداریوں پر مشتمل مجلہ اجراء،انجمن اردو صحافت اورکئی صحافیوں کو ایوارڈ

عظمیٰ نیوز سروس

اننت ناگ// وادی کشمیر کے سرکردہ صحافی مرحوم قاسم سجاد کی دوسری برسی کے موقع پر جنوبی قصبہ اننت ناگ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام قاسم سجاد فائونڈیشن اننت ناگ نے انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر، اننت ناگ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور ماہانہ رسالہ’ لفظ لفظ ‘کے باہمی اشتراک سے کیا تھا۔تقریب کی صدارت جسٹس (ر) بشیر احمد کرمانی نے کی اور صحافت کے استاد پروفیسر ناصر مرزا،روزنامہ چٹان کے مدیر اعلیٰ طاہر محی الدین ،براڈ کاسٹرمحمد یوسف نائرن، ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ اور معروف ادیب ،شاعر وصحافی زاہد مختارنے ایوان صدارت میں مہمانان ِخصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب میں مختلف طبقہ ہائی فکر سے تعلق رکھنے والے افراد،ادیبوں ،قلمکاروں اور صحافیوں کی خاصی تعدادنے شرکت کی۔اس موقع پر مرحوم قاسم سجاد کے اخبار ہفتہ روزہ شہاب میں شائع اداریوں پر مشتمل مجلہ ’جر سِ قاسم ‘ کو اجرا کیا گیا۔’جرس ِ قاسم ‘ کومرحوم کے فرزند اور سینئر صحافی ماجد جہانگیر نے مرتب کیا ہے ۔

 

اس مجلہ کا تعارف سینئر صحافی ریاض مسرور نے قلمبند کیا ہے۔مقررین نے مرحوم قاسم سجاد کی گراں قدرصحافتی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قاسم سجاد مرحوم کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جسٹس (ر) بشیر احمد کرمانی نے صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے قاسم سجاد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی طور پر مرحوم کے بہت قریب تھے۔انہوں نے کہاکہ مرحوم نے اپنی زندگی میں اپنے شعبہ سے وابستگی کا فریضہ بخوبی انجام دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی تحاریر سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ بلند پایہ اور آزاد خیالات کے صحافی تھے۔پروفیسر ناصر مرزانے کہا کہ قاسم سجاد صحافتی شعبے کی نامور شخصیت تھی جن کی کمی کو کبھی پورا نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے صحافتی اقدار اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیااور یہی وجہ ہے کہ ہم سب آج ایک ہی چھت کے نیچے جمع ہوئے ہیں۔براڈ کاسٹرمحمد یوسف نائرن نے کہا کہ قاسم سجاد نہایت نفیس اور بے باک انسان تھے جن کی صحافتی پیشے میں بے شمار خدمات ہیں جو کہ ناقابل فراموش ہیں۔ ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ نے مرحوم کو خراج پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ قاسم سجاد کو ایک کہنہ مشق اور شریف النفس صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بے باک اور با کردار شخصیت کا مالک قرار دیا۔نوجوان صحافی حکیم عرفان رشید نے’جرس ِ قاسم ‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم کی تحاریر سے ثابت ہو تا ہے کہ صحافتی شعبہ میں ان کی گراں قدر خدمات ساری صحافی برادری کے لئے مشعل راہ ہیں، ان کی صحافتی خدمات کو ہر دور میں یاد رکھا جائے گا۔عرفان نے کہاکہ ان کی تحایر اس قدر موجودہ حالات وو اقعات سے مماثلت رکھتے ہیں کہ اس کاصرف عنوان اور مقام کو تبدیل کرکے دوبارہ شائع کیا جاسکتا ہے۔اس تقریب کے دوران سجاد قاسم فائونڈیشن اننت ناگ کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا گیا ۔اس موقع پر مذکورہ فائونڈیشن کے اہتمام سے سینئر صحافی منوہر لالگامی اورقیوم زلفی کو اردو صحافت میں گراں قدر خدمات انجام دینے کیلئے ’قاسم سجاد ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ پروفیسر ناصر مرزا ،کارٹونسٹ ایس طارق کو بھی اس ایوارڈ سے نواز ا گیا۔انجمن اردو صحافت کو اردو صحافت کی ترقی وترویج اور عامل صحافیوں کی صلاحیت سازی میں نمایاں اور گر اں قدر خدمات انجام دینے پر اس اعزاز سے نوازا گیا ،جسے انجمن کے اولین جنرل سیکریٹری امتیاز احمد خان نے وصول کیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض سینئر صحافی ریاض مسرورنے انجام دئے اورسینئر صحافی ہارون ریشی نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔تقریب کے اختتام پر مرحوم کے فر زند اور صحافی ماجد جہانگیر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔