سرکردہ تاجر اورانجمن زرگراں کے سربراہ بہائو الدین زرگر فوت | عوامی مجلس عمل ،ٹریڈرس فیڈریشن اور کئی تجارتی تنظیموں کا اظہار تعزیت

سرینگر// انجمن زرگراں کے سربراہ اور کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ بہائو الدین زرگر کا منگل کو دن کے11بجے  انتقال ہوا۔ مرحوم کا نماز جنازہ جامع مسجد سرینگر کے احاطے میںادا کیا گیا،جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ بعد میں انہیں آبائی قبرستان واقع ملہ کھاہ میں پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا۔مرحوم ایک قلمکار کے علاوہ ایک نعت خوں بھی تھے جبکہ اعلیٰ شخصیت کے مالک تھے۔مرحوم پائین شہر میں ایک جانی پہچانی شخصیت تھے جو سماجی اور مذہبی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ حاجی بہائو الدین زرگر کے آخری سفر میں سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگ جن میں سماجی ،مذہبی،ادبی،تجارتی اور فلاحی تنظیموں و انجمنوں سے وابستہ لیڈروں اور نمائندوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں کے ٹی ایم ایف کے سربراہ حاجی محمد یاسین خان،جنرل سیکریٹری بشیر احمد کنگپوش، سینئر نائب صدر منظور احمد بٹ ، خورشید احمد شاہ،محمد اسلم متو،کے ٹی ایم ایف(بی) کے صدر بشیر احمد راتھر،انجمن اوقاف کے جنرل سیکریٹری حاجی الطاف احمد بٹ اور عوامی مجلس عمل کے عہدیداروں مشتاق احمد صوفی، فاروق احمد سوداگراور  علاقہ بھر کے تنظیمی کارکنوںکے ساتھ ساتھ  دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔ عوامی مجلس عمل نے مرحوم کی انجمن زرگراں کے پلیٹ فارم سے سماجی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ مرحوم زرگر نہ صرف تاجر برادری میں ایک ممتاز مقام رکھتے تھے بلکہ میرواعظ خاندان کے دیرینہ محبین میں شامل اور تنظیم اور تحریک کے ایک انتہائی ہمدرد اور بہی خواہ فردتھے۔عوامی مجلس عمل نے سربراہ تنظیم میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد فاروق کی طرف سے مرحوم کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فرزندان رفیق احمد زرگر اور پروفیسر شوکت احمد زرگر اور خاندان کے دیگر پسماندگان کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی پیش کی اور مرحوم کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ادھرکشمیر اکنامک الائنس دھڑے کے چیئرمین محمد یوسف چاپری،شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار،سنیئر لیڈر حاجی نثار،سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے سیکریٹری ارشد احمد بٹ، کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار، ہول سیل مٹن ڈیلرس کے جنرل سیکریٹری معراج الدین گنائی اور دیگر لوگوں نے بہائو الدین زرگر کے انتقال پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی۔