سرکار لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام :کانگریس

سرینگر//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے سرکا ر پرالزام عائد کیا ہے کہ سرکار لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ عوام کو ترجیحی بنیادوں پر بجلی ، سڑک کے رابطے ، راشن کی دستیابی اور دیگر ضروری بنیادی سہولیات کو یقینی بنایاجائے ۔ کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر پردیش کانگر یس کمیٹی نے ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا  جس میںپارٹی ممبران ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لینے اور جیت درج کرنے والے ڈسٹرکٹ ڈیو لپمنٹ کونسل ممبران ،بی ڈی سی چیر مین،میونسپل کمیٹی صدر،کے علاوہ ضلع کولگام اور اننت ناگ کے سینئر لیڈران نے شرکت کی۔انہوں نے میٹنگ میں کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوںکے استحصال کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم کیا ہے، جو وقتا فوقتاً بی جے پی حکومت کے ذریعہ اختیار کردہ مختلف تجربات اور غلط پالیسیاں دیکھ چکے ہیں۔اجلاس کی صدارت جے کے پی سی سی کے صدر جی.اے. میر نے کی ۔اجلاس میں موجودہ شدید سردی کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ بار بار اپیل کے باوجود بجلی کی فراہمی اطمینان بخش نہیںرہی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں خاص طور پر اننت ناگ اور کولگام کے دور دراز علاقوں میں بہت سی اہم سڑکوں سے ابھی برف نہیں ہٹائی گئی ہے جس کے نتیجے میں لوگ مشکل زندگی گزار رہے ہیں ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جے کے پی سی سی کے صدر جی.اے. میر نے کہا کہ کانگریس پارٹی لوگوں کی فلاح و بہبود کے کام کرنے کی پابند ہے ، کیوں کہ پارٹی عوام کی خدمت کا ایک ذریعہ ہے ، وہ  لوگوں کی حقیقی ضروریات کو اجاگر کرنے کے لئے صف اول پر برقرار رہے گی۔انہوں نے کہا لوگ سڑکوں سے برف نہ ہٹانے اور ضروریات زندگی کی عدم دستیابی کہ وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔میر نے سرکار سے لوگوں کو ضروریات زندگی کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔