سرینگر// دختران ملت نے کہا ہے کہ سرکار اب ریاست کی عدالت عالیہ کے احکامات کو بھی خاطر میں نہیں لاتی اورسیدہ آسیہ اندرابی اور انکی سیکریٹری صوفی فہمیدہ کو جموں کے امپھالہ جیل سے سرینگر منتقل نہیں کیا جارہا ہے۔دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نصرین کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ 4جون کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے آسیہ اندرابی اور صوفی فہمیدہ کو جموں کے امپھالہ جیل سے سرینگر منتقل کرنے کا حکم دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم نامے کی ایک کاپی محکمہ داخلہ، ایس ایس پی سرینگر ، ایس پی امپھال اور ضلع مجسٹریٹ کو 6جون کو سونپی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب ایس پی امپھال جیل نے مذکورہ آرڈر کے بارے میں محکمہ داخلہ سے پتہ کیا تو محکمہ داخلہ نے مذکورہ آرڈر کو ماننے سے انکار کیا اور ایس پی کو بتایا کہ وہ فی الحال دونوں کی سرینگر منتقلی میں تاخیر سے کام لیں۔ ناہیدہ نصرین نے عالمی انسانی حقوق تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں کا سنجیدہ نوٹ لیں ۔ناہیدہ نصرین نے لبریشن فرنٹ چیرمین محمد یاسین ملک کی گرفتاری کی بھی مذمت کی ۔
سرکار عدالتی حکم ماننے سے انکار کی مرتکب:دختران ملت
