جموں //ریاستی سرکار نے سرکاری ہسپتالوں میں جنسی ہراسانی کے واقعات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں اس حوالے سے 4شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 2شکایات کو حل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک کیس ریاستی کمیشن برائے خواتین کے زیر سماعت ہے اور چوتھا کیس میں شکایت کنندہ کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوا ۔قانون ساز کونسل میں ان باتوں کا اظہار پی ڈی پی رکن سرندر کمار چودھری کے سوال کے ایک جواب میں وزیر برائے صحت وطبی تعلیم بالی بھگت سنگھ نے کیا ۔انہوں نے کہا ہے کہ ایسے واقعات سے بچنے کی خاطر کچھ اقدمات اٹھائے گئے ہیں اور ہسپتالوں کی سینئر خاتون ڈاکٹروں کی سربراہی میں اندروانی طور پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ وزیر کے مطابق اس کے علاوہ ہسپتالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں 24سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں 64کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔