سرکاری کوارٹرز میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جمع | قلعہ پونچھ کے سامنے شہریوں کا جینا محال

پونچھ//ضلع پونچھ کے صدر مقام پر تاریخی قلعہ کے سامنے بنائے گئے گورنمٹ رہائشی کواٹروں کے اردگرد گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو اور کوارٹروں میں رہائش پذیر ملازموں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ بھی پونچھ شہر میں کئی مقامات پر گلیوں اور محلوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے مناسب اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے شہر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر کی زد میں آ گیا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں بد بو پھیل رہی ہے جبکہ کچرے سے تعفن پھیلنے کے خدشات بھی پیدا ہو رہے ہیں لیکن متعلقہ محکمہ میونسپل کونسل متحرک ہونے کی بجائے خاموش ہے۔تاریخی قلعہ کے سامنے گورنمنٹ کی رہائشی کوارٹروں کے اردگرد گندگی کے ڈھیر جمع ہونے کے مسائل بڑھنے لگے، قلعہ مارکیٹ،کے قریب رہائشی کوٹرس کی گندگی سے دکاندار راہگیر اور صارفین سخت پریشان ہو رہے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ قلعہ کے سامنے گندگی نے میونسپل کونسل پونچھ کی کارکردگی اور حکام بالا کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرسے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت کریں کہ قلعہ اردگرد خصوصی طور پر گورنمنٹ کوارٹرز کے ارد گرد صفائی کو یقینی بنائیں۔