سرکاری چاول کی کالا بازاری ، پٹن میں 2 راشن گھاٹ سیل

بارہمولہ// شمالی قصبہ پٹن میں بلیک مارکیٹنگ کے ذریعے صارفین کو لوٹنے والوںکے خلاف انتظامیہ نے ایک کارروائی کے دوران دو راشن گھاٹوں کو سیل کر دیا ہے۔ ایس ڈی ایم پٹن سید فہم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انتظامیہ کو ایک اطلاع موصول ہوئی تھی کہ علاقے میں غریب عوام کیلئے مختص چاول کو چوری بازاروں میں فروخت کیا جارہا ہے اور مستحقین کے پاس یہ چاول نہیں پہنچتا تھاجس کے بعد نہال پورہ اور گہوا میں دو راشن گھاٹوں کو سیل کر دیا ہے۔ ادھر اس کارروائی پر مقامی لوگوں نے انتظامیہ خاص طور پر ایس ڈی ایم پٹن کی سراہنا کرتے ہوئے بتایا کہ سردیوں کے ان ایام میںبھی عوام کو لوٹنے میںکوئی کثر باقی نہیں چھوڑی جا رہی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ ایس ڈی ایم کی سربراہی میں پٹن میں ٹیم سرگرم عمل ہے جس کے نتیجے میں لوگوںکو کچھ حد تک راحت کی سانس نصیب ہوتی ہے۔ ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔