عظمیٰ نیوز سروس
جموں// فوج میں نوکری کا بندوبست کرنے کا جھانسہ دے کر ایک شخص سے 5 لاکھ روپے لوٹنے والے فرضی آرمی میجر کے خلاف کرائم برانچ جموں نے چالان پیش کیا ہے۔ اقتصادی جرائم ونگ – کرائم برانچ جموں نے ملزم دیپک کمار ولد پرشوتم لال سکنہ گاؤں نتھیل چک ، سانجی موڑھ تحصیل ہیرا نگر ضلع کٹھوعہ کے خلاف 313 صفحات کی چارج شیٹ پیش کی ۔ یہ چارج شیٹ آئی پی سی کی دفعہ 419، 420 کے تحت پولیس سٹیشن ای او ڈبلیو میں درج ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 53/2023 کے سلسلے میں عدالتی فیصلہ کے لیے عدالت میں پیش کی۔ کرائم برانچ کے ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے خلاف شکایت کنندہ کی طرف سے سنگین الزامات عائد کئے تھے، جس کی چھان بین کے بعد الزامات کو درست پایا گیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ ملزم نے شکایت کنندہ کو فوج میں نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ روپے ہتھیا لیے اور نوکری کا بندوبست نہ کر پایا، نہ ہی شکایت کنندہ کو رقم واپس لوٹائی۔کرائم برانچ نے بتایا کہ شکایت درشن کمار ولد ہنس راج سکنہ مانسر تحصیل اور ضلع سانبہ نے درج کرائی تھی۔ اُنہوں نے الزام لگایا کہ ملزم دیپک کمار ولد پرشوتم لال جولائی 2021 میں دیو ستھان ، گائوں نڈ میں اور اس کے بعد شکایت کنندہ کے گھر گیا جہاں اس نے خود کو بھارتی فوج میں میجر کے طور پر ظاہر کیا۔معاملے کی مکمل چھان بین کے بعد کرائم برانچ نے عدالتی فیصلہ کیلئے چالان عدالت میں پیش کر دیا ہے۔