سرینگر// جموں کشمیر انتظامیہ نے سرکاری ملازمین کی طرف سے پاسپورٹ حاصل کرنے کیلئے لازمی ویجی لنس کلیئرنس کی چھوٹ دی ہے۔ سرکار کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ انتظامی محکموں،محکموں کے سربراہان،پاسپورٹ جاری کرنے والے،تصدیق کرنے والے حکام کی توجہ 2021 کے سرکیولر نمبر 35-JK(GAD) مورخہ محررہ 16 ستمبر2021کی طرف مدعو کی گئی ہے، جس میں پاسپورٹ کے اجرا کے لیے درخواست دینے والے سرکاری ملازم کی تازہ ترین ویجی لنس کی جا نکاری حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ایسی مثالیں حکومت کے نوٹس میں آئی ہیں کہ مذکورہ سرکیولر کی ہدایات کے پیش نظر پاسپورٹ جاری کرنے والی اتھارٹی اور جانچ کرنے والی ایجنسیاں بھی جانچ کا عمل شروع کرنے سے پہلے سرکاری ملازمین کے سلسلے میں تازہ ترین ویجی لنس کلیئرنس حاصل کرنے پر زور دے رہی ہیں، جو درخواست دہندگان کو پاسپورٹ کے اجرا میں غیر ضروری تاخیر اور غیرضروری تکلیف کا سبب بنتا ہے۔سرکیولر میں کہا گیا ہے’’ اس سلسلے میں اگر کوئی ابہام ہے، اس کو دور کرنے کیلئے وضاحت کی جاتی ہے کہ سرکاری ملازم کیلئے ویجی لنس کلیرنس لازمی نہیں ہے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ انتظامی اتھارٹی کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے یہ اخذ کیا جائے کہ ملازم سے متعلق پیشگی ویجی لنس جانکاری حاصل کی گئی ہے۔سرکیولر میں کہا گیا ہے’’ پاسپورٹ جاری کرنے والی اتھارٹی و جانچ ایجنسیاں الگ سے ویجی لنس کلیئرنس کے حصول کے لیے اصرار نہیں کریں گی اور یہ کنٹرولنگ،انتظامی اتھارٹی کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ اس کی پیشگی ویجی لنس کلیرنس طلب کریں۔‘‘ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ جانچ کرنے والی ایجنسیاں ملازم کے کردار اور دیگر معاملات میں از خود جانچ کر سکتی ہے۔