سرکاری محکموں سے کرایہ وصول کریں: ویری

 سرینگر//مال، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کسٹوڈین محکمہ کو سرکاری محکمہ جات سے واجب الادا کرایہ وصول کرنے کے لئے وقت مقرر کرنے کی ہدایت دی ہے ۔یہ واجبات204 کروڑ روپے سے زیادہ ہیں۔ ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے محکمہ کو کرایہ بِل جلد داخل کرنے کے احکامات دیئے تا کہ کرایہ وقت پر وصول کیا جاسکے۔ وزیر نے محکمہ کو تعمیراتی پروجیکٹوں پر نظر ثانی کرنے اور ماہرین سے رائے حاصل کر کے تفصیلی رپورٹ انتظامی محکمہ کو منظوری کے لئے بھیجنے کی ہدایت دی۔جن محکمہ جات کے پاس واجب الادا کرایہ ہے، ان میں زراعت، سیاحت، تعلیم، داخلہ، بجلی، صحت و طبی تعلیم، بھیڑ پالن، اسٹیٹس اور تعمیرات عامہ ہیں۔ میٹنگ میں محکمہ زراعت/ باغبانی اور مال کے کمشنر سیکریٹریوں ، کسٹوڈین جنرل، ڈائریکٹر اسٹیٹس کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔