مینڈھر//مینڈھر کے تعلیمی زون ہرنی میں گورنمنٹ مڈل سکول کی دیوار کے ساتھ ایک نجی تعلیمی ادارے کو چلانے کی اجازت دی گئی ہے جس پر مقامی لوگ معترض ہیں ۔اڑی کے لوگوں کاکہناہے کہ ایسے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوں نے سرکاری سکول کی دیوار کے ساتھ ایک نجی تعلیمی ادارے کو کھولنے کی اجازت دی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سکول سے دوسرے سکول تک ایک کلو میٹر کی دوری ہونا چاہیے لیکن محکمہ تعلیم کے افسران کو نہ جانے کیا سوجھی کہ انہوں نے دیوار کے ساتھ ہی دوسرا سکول کھولنے کی اجازت دے دی ہے جو سرکاری سکول کے طلاب کے ساتھ زیادتی ہے ۔اس ضمن میں جب متعلقہ سکول کے اساتذہ سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سلسلہ میں افسران کو تحریری طور پر آگاہ کردیاہے یاتو نجی ادارے یا سکول کو کسی دوسری جگہ منتقل کیاجائے کیونکہ اکیڈمی کے بچوں کا سکول سے ہی آنا جانا ہوتا ہے جس سے سکول کے طلباء کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔رابطہ کرنے پرزونل ایجوکیشن افسر ہرنی کا کہنا تھا کہ انہوں نے تحریری طور پر اعلیٰ افسران کو لکھاہے کہ پرائیویٹ ادارے کو دوسری جگہ منتقل کیاجائے یاپھر اس کا لائسنس منسوخ کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ بہت جلد اس پر فیصلہ ہوجائے گا اور بچو ں کی تعلیم متاثر نہیں ہونے دی جائے گی ۔