مینڈھر //مینڈھر کے گور نمنٹ پرائمری سکول ناڑ گھماں کیری کی اراضی پر گزشتہ کئی عرصہ سے مسلسل غیر قانونی قبضہ کیا جارہا ہے لیکن شکایت کے باووجود محکمہ ایجوکیشن 2برسوں سے سکول کی اراضی کی نشاندہی نہیں کروا پایا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کچھ زمین مافیاکی جانب سے سکول کی زمین پر لگاتار قبضہ کیاجارہا ہے جبکہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ اور اعلیٰ حکام کو جانکاری فراہم کرنے کے باوجود بھی محکمہ نے مافیا کو کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری سکول کی اراضی آہستہ آہستہ کم ہوتی جارہی ہے لیکن بچوں کی مشکلا ت کے باوجود حکام کارروائی ہی نہیں کررہے ہیں ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر سب ڈویژن میں کئی ایسے سرکاری سکول موجود ہیں جن کی اراضی پر زمین مافیا کی جانب سے غیر قانونی قبضہ کیا گیا ہے لیکن محکمہ ایجوکیشن و محکمہ مال سرکاری زمین کو بحال کروانے میں ابھی تک ناکام رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سکول کی اراضی سے قبضہ ہٹانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے ۔زونل ایجوکیشن آفیسر ہرنی نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں جلد ہی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔