سرکاری سطح پر ڈرائیورنگ انسٹی چیوٹوں کا فقدا ن

سرینگر //جموں وکشمیر میں ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ گاڑی چلانے کی مہارت سکھانے والے اداروں کے فقدان اور ڈرائیورنگ کے دوران موبائل فون کا سب سے زیادہ استعمال مانا جا رہا ہے ۔جموں وکشمیر حکام کے پاس ٹریفک حادثات کی روکتھام کیلئے کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں ہے اور آئے روز سڑک حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے اور ہزاروں لوگ اپاہچ یا جسمانی طور ناخیز ہورہے ہیں۔رواں سال کے 6ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور جنوری سے جون تک جموں وکشمیر کے تمام اضلاع میں کل2ہزار 492سڑک حادثات رونما ہوئے ہیں ،جس میں 326لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 3ہزار126لوگ زخمی ہوئے ہیں ۔سب سے زیادہ سڑک حادثات جموں خطہ میں پیش آئے، جہاں 1699سڑک حادثات کے دوران 199افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ وادی میں 793سڑک حادثات کے دوران 127لوگ اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔کشمیر میں سب سے زیادہ سڑک حادثات سرینگر ضلع میں ہوئے ہیں اور 6ماہ کے دوران  162سڑک حادثات میں 16لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 172افراد زخمی ہوئے ۔ گاندربل ضلع میں 33سڑک حادثات کے دوران 3لوگوں کی موت ہوئی اور 53زخمی ہوئے ہیں ،بڈگام میں 52سڑک حادثات میں 1 کی موت ہوئی ہے اور 57زخمی ہوئے ہیں ۔اننت ناگ میں163سڑک حادثات رونما ہوئے جس دوران 11لوگوں کی موت ہوئی اور 169زخمی ہوئے ہیں ۔کولگام میں 60سڑک حادثات میں 16لوگ ہلاک اور 70زخمی ہوئے ہیں ،پلوامہ میں 26سڑک حادثات کے دوران 4افراد ہلاک اور 25زخمی ہوئے ہیں ،شوپیاں میں 23سڑک حادثات میں ایک کی موت ہوئی ہے اور 31زخمی ہوئے ہیں ۔اونتی پورہ میں 41سڑک حادثات کے دوران 4کی موت ہوئی ہے اور 48زخمی ہوئے ہیں ۔بارہمولہ میں 82سڑک حادثات میں 8کی موت ہوئی اور 124زخمی ہوئے ہیں ۔بانڈی پورہ میں 32سڑک حادثات کے دوران 6افراد ہلاک اور 43زخمی ہوئے ہیں ،کپوارہ ضلع میں 108سڑک حادثات کے دوران 12لوگ ہلاک اور 140افراد زخمی ہوئے ہیں ۔سوپور میں 38سڑک حادثات کے دروان 5افراد ہلاک اور 54زخمی ہوئے ہیں ۔ادھر جموں کے 10اضلاع جن میں ضلع جموں ، سانبہ ، کٹھوعہ ، اودھمپور ،ریاسی ، ڈوڈہ ، کشتواڑ ، رام بن ، راجوری ، پونچھ شامل ہیں میں کل 1699سڑک حادثات رونما ہوئے جس دوران 199افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔