عارف بلوچ
اننت ناگ //ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے اننت ناگ اور بجبہاڑہ تحصیلوں کے 7 لمبرداروں اور 1 چوکیدار کو فوری طور پر برطرف کرنے کا حکم دیا ہے۔مذکورہ لمبردار و چوکیدار سرکاری گھاس چرائی پر قبضہ کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں ۔ڈی سی کے مطابق مذکورہ لمبرداروں و چوکیدار نے سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہے جس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے میں کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ غیر منطقی نقطہ نظر کی وکالت کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ جو لوگ اپنے تفویض کردہ کاموں کو پورا کرنے میں ناکام رہتے ہیں اور جن کے اقدامات مفاد عامہ کے خلاف ہیں ،ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔حکم نامہ کے مطابق لمبردار/ چوکیدار ریاستی/ کاہچرائی اراضی کی حفاظت کرنے کے بجائے خود زمین پر غیر قانونی قبضے میں ملوث پائے گئے جس سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈویژنل کمشنر کشمیر نے ایسے لمبرداروں / چوکیداروں کو برخاست کرنے کی ہدایت جاری کی تھی جو سرکاری زمینوں پر قبضے میں ملوث پائے گئے ہیں ,حکم نامہ میں متعلقہ تحصیلداروں کو متبادل تقرریاں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔