سرکاری رقومات کا زمینی سطح پرصحیح استعمال نہیں

پونچھ//بلاک ساتھرہ کی مختلف پنچایتوں کے سرپنچوں اور پنچوں نے پنچایتوں میں تعمیراتی کام نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایک پریس کانفرنس کے دوران حلقہ پنچایت کے سرپنچ خالد حسین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اگر چہ رقومات واگزار بھی ہو رہی ہیں لیکن وہ زمینی سطح پرصحیح طریقہ خرچ نہیں ہو پاتی۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو رقومات پنچایتوںکی لئے واگزار ہو رہی ہیں اگر وہ پوری طرح استعمال کی جائیں تو پنچایتوں میں ترقیاتی کام بڑی سطح پر ہو سکتے ہیں لیکن زمینی سطح پر ان رقومات کا صحیح استعمال نہ ہو نے کی وجہ سے پنچایتوں میں کام نہ ہونے کے برابر ہو رہے ہیں۔انھوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاک ساتھر میں جو جونیئر انجینئر تعینات ہیں ان کو دو اور بلاکوں کو بھی دیکھا پڑرہا ہے جس کی وجہ سے وہ ساتھر بلاک کو پورا وقت نہیں دے پا رہے ہیں۔انھوں نے بغیر نام لئے چھوٹے ملازموں پر الزام عائد کی کہ وہ رقومات کا صحیح استعمال نہیں ہونے دیتے۔انھوں نے کہا کہ بڑے افسران سے ان کے بارے میں کئی بار شکایت بھی کی گئی لیکن ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے وہ ملازم کبھی کمیشن تو کبھی کسی اور بہانے سے کام کرنے والوں کو لوٹ رہے ہیں۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرسے اپیل کی کہ اس سلسلہ میں کا روائی کر کے تمام کاموں کی خود دیکھ ریکھ کریں تاکہ پنچایتوں میں جو کام ہو رہے ہیں وہ معیاری اور پائیدار ہوں۔