سرکاری راشن کی کالا بازاری

 بانہال// بانہال کے کرواہ گائوں میں سرکاری راشن ڈپو سے راشن کی کالا بازاری میں پولیس نے ایک کارروائی کے تحت راشن ضبط کر کے اس معاملے میں اشیائے ضروریہ کے ایکٹ کے تحت کیس درج کر لیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق بانہال پولیس کو راشن کی کالا بازاری ایک خصوصی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے موقع پر چھاپہ مار کر ایک خانہ بدوش بکروال سے 250کلو آٹا اور 50کلو چاول ضبط کر لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ علاقے میں قائم راشن سٹور میں تعینات راشن ڈیلر ریاض احمد نائیک ولد محمد جمیل نائیک ساکنہ کرواہ مہنگے داموں پر غیر قانونی طور پر بکروالوں کو راشن فروخت کر رہا تھا جس میں محمد شفع ولد مشریہ ساکنہ امگروٹہ اکھنور سے یہ راشن ضبط کیا گیا۔پولیس کے مطابق یہ راشن مقامی لوگوں کے لئے محکمہ فوڈ اینڈ سپلائی کی طرف سے راشن ڈیلر کو آیا ہوا تھا جس میں یہ کچھ راشن مہنگے داموں پر کالا بازاری میں فروخت کر نے کی کوشش کی جا رہی تھی ۔ پولیس نے اس معاملے میں راشن ڈیلر اور خانہ بدوش بکروال کو گرفتار کر کے ایک ایف آئی آر نمبر 146/17زیر دفعہ 3/7ای سی ایکٹ کے تحت بانہال تھانہ میں ایک کیس درج کر لیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔