سرکاری دفاتر کوجلد منی سیکریٹریٹ منتقل کرنے کی اپیل

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں عرصہ دراز سے منی سیکریٹریٹ کی عمارت بنائی گئی ہے تاکہ اس میں تمام سرکاری دفاتر کو منتقل کیا جائے۔واضح رہے کہ ضلع پونچھ کے صدر مقام پر سرکاری دفاتر نجی عمارتوں میں قائم ہیں جو پورے شہر میں بکھرے پڑے ہیں اگر کسی شخص کو مختلف دفاتر میں جانا ہو تو اسے پورے شہر کا چکر لگانا پڑتا ہے اور اس دوران کئی بار لوگوں کا پورا دن دفاتر تلاش کرنے میں لگ جاتا ہے۔عوام کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے سرکار کی جانب سے پونچھ کے صدر مقام پر منی سیکریٹریٹ بنانے کا فیصلہ لیا گیا اور اب عمارت کا کام مکمل بھی ہو چکا ہے لیکن دفاتر ابھی بھی وہاں منتقل نہ کئے گئے ہیں۔اس ضمن میں پیر پنچال ہیومن رائٹس کے صدر ایڈوکیٹ محمد زمان، سینئر لیڈر کانگریس تاج میر،، سینئر ایڈوکیٹ تاج حسین شاہ اور سماجی کارکن ایڈوکیٹ لعل حسین مشتاق نے ایک مشترکہ بیان میں مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تمام دفاتر کو جلداز جلد منی سیکریٹریٹ منتقل کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ حکام کی جانب سے کروڑوں روپے مالیت کی عمارت تعمیر کی گئی ہے لیکن ابھی تک اس میں دفاتر منتقل نہیں کئے گئے ہیں ۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی سراہنا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جس طرح انھوں نے اپنا چارج سنبھالتے ہی کئی اہم کام انجام دیئے اسی طرح وہ اس سلسلہ میں بھی فوری اقدام اٹھاکر دفاتر کو منتقل کریں گے ۔