سرکاری اراضی سے تجاوزات ہٹانے کا سلسلہ جاری منگناڑ میں غیر قانونی طورپر تعمیر مویشی خانہ مسمار کر دیا گیا

حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کے منگناڑ علاقے میں انتظامیہ نے نئی تعمیر ہورہی سڑک میں سرکاری اراضی پر تعمیر ایک مویشی خانہ کو کو مسمار کر دیا تھاجس کے بعد سے لگاتار مویشی خانہ تعمیر کرنے والہ کنبہ انتظامیہ پر انکے ساتھ نا انصافی کرنے کا الزام لگارہے ہیں۔متاثرہ کنبہ کے افراد کا کہنا ہے ان کے ساتھ نا انصافی کی جا رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ عمارت کو مسمار کرنے سے قبل انہیں کوئی نوٹس نہیں دیا گیا تاکہ وہ مویشی خانے میں رکھا ہوا سامان نکال کر اس کو خالی کریں۔اس سلسلہ میں جب نائب تحصیلدار محمد شکیب سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ مویشی خانہ سرکاری اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا جو سڑک کی تعمیر میں رخنہ ڈال رہا تھا اس لئے اسے منہدم کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ تین نوٹس اس کنبہ کو دیئے گئے تھے لیکن کنبہ نے ان پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ماہ جون میں انتظامیہ کو کنبہ نے تحریر کرکے دیا تھا کہ وہ اس مویشی خانہ کو جو سرکاری اراضی پر تعمیر ہے خود منہدم کر دیں گے تاہم انہوں نے جب کوئی پیش رفت نہیں دکھائی تو سرکاری احکامات کی پیروی کرتے ہوئے اس مویشی خانہ کو جو سرکاری زمین پر تعمیر تھا کو مسمار کرنا پڑا۔انہوں نے اس کاروائی کو قانونی و جائز قرار دیتے ہوئے اس کنبہ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔