سرپنچ و محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین کی من مانیاں

محمد بشارت
کوٹرنکہ //بلاک بدھل اولڈ اے کوٹرنکہ کی پنچایت حلقہ کنتھول کے مکینوں و پنچایت کے ممبران نے مقامی سرپنچ اور محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر و ترقی کے عمل سے عوام کو دور رکھ کر فنڈز میں ہیرا پھیری کی جارہی ہے ۔اس سلسلہ میں مقامی معززین کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پنچایت کے منتخب ممبران کیساتھ ساتھ سابقہ سرپنچ ،چوکیدار ودیگران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کے دوران مقررین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ تین برسوں سے زائد عرصہ میں محض ایک گرام سبھا منعقد کی گئی ہے جبکہ ملازمین اور سرپنچ کی مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے فنڈز کو ہڑپنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے پنچایتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کروڑوں روپے خرچ کرنے کے دعوئے کئے جارہے ہیں لیکن مذکورہ پنچایت میں تعمیراتی عمل عوامی مانگ و ضرورت کے بجائے سرپنچ اور ملازمین کی من مرضی کیساتھ چلایاجارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت میں خرچ ہوئی رقم کی باریک بینی سے جانچ کروائی جائے نہیں تو احتجاجی راستہ اختیار کیا جائے گا ۔اس اجلاس میں نائب سرپنچ محمد فاروق ،پنچایت ممبر محمد عظم ملک ،لیاقت علی ،جمیلہ بیگم ،بلونت سنگھ ،پرتیم سنگھ ،محمد شکور ،صوفی عبدالقدیر ،سجاد احمد،طالب حسین ،علم دین، سرفراز احمد کھٹانہ اور سلیمان پسوال کے علاوہ دیگران بھی موجود تھے ۔