سرنکوٹ کے متعدد دیہات میں بجلی نظام خستہ حال ترسیلی لائنیں درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیساتھ آویزاں

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ضلع سرنکوٹ کے متعدد گاوں میں بجلی کی تاریں سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیساتھ باندھی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔صارفین نے محکمہ کے ملازمین اور اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن سرنکوٹ کے دیہات میں بجلی کا نظام انتہائی پسماندگی کا شکار ہوتا جا رہا ہے لیکن محکمہ کے ملازمین بجلی نظام کی مرمت کرنے کے بجائے صرف بجلی کے ماہانہ بل لوگوں میں تقسیم کرنے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کے متعدد دیہات میں بجلی کاسپلائی نظام سبز درختوں اورلکڑی کے کھمبوں کے بغیر مکمل ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے جہاں بارشوں کے دوران متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند رہتی ہے وہائیں اس خستہ حالت نظام کی وجہ سے عام لوگوں اور دیگر جانداروں کی زندگی کو بھی خطرہ لاحق ہو گیاہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کا نظام بہتر بنانے کیلئے سب ڈویژن کے پسماندہ دیہات میں بجلی کے پختہ کھمبوں کی فراہمی کیساتھ ساتھ سپلائی نظام کو معیاری بنانے کی جانب دھیان دیا جائے ۔