سرنکوٹ کا طبی نظام مفلوج

 
سرنکوٹ//سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ میں ڈاکٹروں کی قلت اور مشینری کی عدم دستیابی پر لوگوںنے محکمہ صحت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ بڑی تعداد میں لوگ چیک پوسٹ کے مقام پر جمع ہوئے اور انہوںنے سڑک بند کرکے احتجاج کیا ۔احتجاج کی وجہ سے ایک گھنٹہ تک سڑک بند رہی ۔اس دوران مظاہرین نے کہاکہ سرنکوٹ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کئی اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں اور مشینری بھی دستیاب نہیں جس کے نتیجہ میں معمولی سے علاج کیلئے بھی مریضوں کو یا تو پونچھ یاپھر راجوری منتقل کرناپڑتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر صحت کی ذمہ داری ہے کہ سرنکوٹ میں جلد سے جلد ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور ساتھ ہی مشینری دستیاب رکھی جائے نہیں تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گاجس کے ذمہ دار بھی وزیر موصوف ہی ہوںگے ۔ مظاہرین نے کہاکہ دور دراز سے آنے والے لوگوںکو یہاں طبی سہولیات نہیں ملتی اور نہ ہی ان کاعلاج ہوپاتاہے لیکن پھر بھی حکومت طبی شعبے میں بہتری کے دعوے کررہی ہے ۔ رابطہ کرنے پر بلاک میڈیکل افسر سرنکوٹ ڈاکٹر ذوالفقار احمد نے بتایاکہ سپیشلسٹ گائناکالوجسٹ کی ایک پوسٹ اور چھ میڈیکل افسران کی اسامیاں خالی پڑی ہیں۔انہوںنے بتایاکہ سات ڈاکٹروں کی اسامیاں خالی پڑی ہیں ۔