سرنکوٹ کالج میں منشیات کے موضوع پر ورکشاپ منعقد

سرنکوٹ// گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ میں منشیات کے موضوع پر یک روز ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ ہیڈ کوارٹر 6 سیکٹر 16 آر آر اور اسلامک فائونڈیشن آف کومنل ہارمنی کے اشتراک سے منعقد ہواجس میں بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔ اس موقعہ پرآرمی افسران اور بلاک میڈیکل افسر سرنکوٹ ڈاکٹر ذوالفقار احمد بھی موجو دتھے ۔پروگرام کی صدارت کالج پرنسپل سید مصرف حسین شاہ نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سید وجاہت حسین نے انجام دیئے ۔اس موقعہ پر مشہور ڈاکٹر ابھیشیک چوہان و دیگر مقررین نے کہاکہ منشیات کو ختم کرنے میں علما اکرام اور سماجی کارکنان اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ منشیات ہمارے گھروں میں آہستہ آہستہ سرک رہی ہے اوربچوں و نوجوانوںکو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے جس سے آنے والی نسل کا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اسے جڑ سے ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔ان کاکہناتھاکہ کئی نوجوان اسی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے اور بہت سے ابھی بھی اس کی زد میں ہیں جنہیں بچانا سب کا فرض ہے ۔اس دوران موضوع پر بولنے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔