سرنکوٹ میں3 ڈاکٹروں سمیت 5ملازم غیرحاضر

سرنکوٹ//سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ کا ایس ڈی ایم سرنکوٹ نریش ڈینگرا نے اچانک دورہ کرکے معائنہ کیا جس دوران تین ڈاکٹروں سمیت پانچ ملازمین کو ڈیوٹی سے غیر حاضر پایاگیاجن کے خلاف اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیاگیاہے۔ایس ڈی ایم کے ساتھ نائب تحصیلدار سرنکوٹ عبدالغنی اعوان بھی تھے۔معائنہ کے دوران تین ڈاکٹر اور دو ملازم غیر حاضر پائے گئے جن کے نام اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیاگیاہے۔ایس ڈی ایم نے لیبارٹری،ادویات اور حاضری رجسٹر کا بھی معائنہ کیا اور ہدایات جاری کیں کہ معیاری ادویات کااستعمال کیاجائے ۔ایس ڈی ایم نے بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ کو ہدایات جاری کیں کہ غیر حاضر رہنے کا کوئی بھی جواز نہیں ہو سکتا اور ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ صحت میں غیر حاضری نہیںہونی چاہئے کیونکہ ڈاکٹر یا عملہ کی کسی بھی وقت ضرورت پڑ سکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔