عشرت حسین بٹ
سرنکوٹ// پونچھ ضلع کے سرنکوٹ علاقے میں بدھ کو دو گروپوں کے درمیان آپسی جھگڑے کے دوران سر پر پتھر لگنے سے ایک شخص کی موت واقع ہو گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اراضی تنازعہ پر دو گروپوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، جس کے دوران دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر پتھرائو کیا۔ اْنہوں نے کہاکہ ’پتھرائو کے دوران، ایک پتھر محمد صادق کے سر پر لگا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ انہوں نے کہاکہ ’زخمی شخص کو جائے وقوع سے ایس ڈی ایچ سرنکوٹ لے جایا گیاتاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا‘۔ واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ایچ او سرنکوٹ راجیش تھاپہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرنکوٹ کے علاقہ بیر فضل آباد میں دو گرپوں پر زمینی درختوں کے تنازعے پر آپسی جھگڑا ہوا جس دوران دونوں گروپوں کے درمیان پتھرائوہوا اور ایک پتھر محمد صادق ولد میر محمد سکنہ بیر فضل آباد نامی شخص کے سرپر لگا جو شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال علاج کے لئے پہنچایا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی اس کی موت واقع ہو گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ سرنکوٹ میں ایک مقدمہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔