سرنکوٹ میں کئی دنوں سے پانی سپلائی بحال نہ ہو سکی | لوگوں کا قصبہ میں محکمہ جل شکتی کیخلاف شدید احتجاج

سرنکوٹ// سرنکوٹ قصبہ میں گزشتہ کئی دنوں سے واٹر سپلائی سکیمیں خراب ہونے وپانی کی شدید قلت سے تنگ آکر مکینوں نے محکمہ جل شکتی کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے مقامی و ضلع انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی روز سے پانی کی سپلائی بند ہوئی ہے لیکن متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کے باوجود بھی اس کی بحالی کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ گزشتہ جمعہ کو بھی جامع مسجد کے خطیب کی جانب سے بھی محکمہ پی ایچ او کو پانی کی بحالی کیلئے اپیل کی گئی تھی لیکن عام لوگوں اور معززین کی جانب سے مسلسل کوششیں کرنے کے بعد بھی پینے کے صاف پانی کی سپلائی کو بحال نہیں کیا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مشینری میں آئی خرابی کی وجہ سے پانی کی سپلائی گزشتہ کئی دنوں سے بند پڑی ہوئی ہے ۔مظاہرین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی سپلائی جلدازجلد بحال کروانے کیلئے عملی بنیادوں پر قدم اٹھایا جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانی کم ہو سکے ۔