سرنکوٹ میں ٹریفک کا نظام بدسے بدتر

سرنکوٹ// سرنکوٹ میں ٹریفک کا نظام دن بدن خراب ہوتاجارہاہے اور آئے روز جام لگتے ہیں لیکن حکام خواب غفلت میں سورہے ہیں ۔قصبہ سے گزرنے والی سڑک پر اس قدر جام لگارہتاہے کہ لوگوں کو ایک ایک گھنٹہ اس میں پھنسنا پڑتاہے ۔سرفراز قریشی نامی شہری نے بتایاکہ منگل کوسرنکوٹ بس اڈے سے لے کر اقبال نگر تک جام لگارہاجس میں ایک ایمبولینس گاڑی بھی پھنس گئی جو باربار سائرن بجاتی رہی لیکن چالیس منٹ تک اسے آگے نکلنے کی جگہ نہیں ملی ۔انہوںنے کہاکہ جام کا مسئلہ پریشان کن ہے لیکن انتظامیہ اس سے نمٹنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کررہی ۔اسی جام میں تحصیلدار سرنکوٹ کو بھی پریشان ہوناپڑا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ جام کی وجہ سے روزانہ مشکلات اٹھاناپڑتی ہیں اوراس کی سب سے بڑی وجہ سڑک کے کنارے بے تکے طور پر گاڑیوں کی پارکنگ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ فوری طور پر کارروائی کرکے ٹریفک کے نظام میں بہتری لائی جائے ۔