سرنکوٹ میں ٹریفک جام مکینوں کیلئے مصیبت کا باعث

سرنکوٹ//سرنکوٹ قصبہ میں ٹریفک جام اب معمول بنتا جارہا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ مکینوں او ر تاجر طبقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں اور تاجروں نے بتایا کہ لاک ڈائون کے ختم ہونے کیساتھ ہی سرنکوٹ قصبہ میں جام لگنا شروع ہوگیا ہے تاہم مقامی انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک نظم و ضبط کے سلسلہ میں کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرنکوٹ اقبال نگر و ہاڑی محلہ اور بس سٹینڈ وغیرہ جگہوں پر ہمیشہ جام لگا رہتا ہے ۔تاجروں نے بتایا کہ قصبہ میں آنے والے لوگوں کی جانب سے کی جانے والی غلط پارکنگ کی وجہ سے جام جیسی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے ان کا کاروبار مفلوج ہو کر رہ جاتا ہے ۔تاجروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مہینے میں ایک مرتبہ ٹریفک پولیس غلط پارکنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرتی ہے جبکہ اس کے بعد اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔انہوں نے ٹریفک محکمہ کے ساتھ ساتھ پولیس آفیسران سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں جام جیسی صورتحال پیدا نہ ہونے دی جائے جبکہ غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔