سرنکوٹ میں وسیع آپریشن | خفیہ ٹھکانے کا پردہ فاش، اسلحہ اور بارود برآمد

بختیار کاظمی
راجوری//پونچھ ضلع کے سرنکوٹ سب ڈویژن میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا ہے جس سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے جس میں 3 اے کے رائفلیں اور 10 ہینڈ گرنیڈ شامل ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے پونچھ ضلع کے سرنکوٹ کے بچیان والی گاؤں میں ایک محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران کچھ چٹانوں کے نیچے دہشت گردی کے ایک ٹھکانے کا پتہ چلا۔انہوں نے بتایا کہ اس ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے جس میں 3 اے کے رائفلیں، 3 اے کے رائفل میگزین، 28 گولیاں، 10 دستی بم اور ایک یو بی جی ایل شامل ہے۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ دستی بموں کو فورسز نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور انہیں کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا جائے گا۔پونچھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روہت باسکوترا نے کہا کہ خفیہ ٹھکانے کا پردہ فاش کر دیا گیا ہے اور اسے برآمد کر لیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فورسز کا آپریشن اب بھی جاری ہے۔