سرنکوٹ میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ جاری

سرنکوٹ// سب ضلع سرنکوٹ کے متعدد علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔کئی جگہوں پر تاریں سبز درختوں پر اور سوکھے کھمبوں کے ساتھ آویزاں ہیںجبکہ متعلقہ حکام لوگوں کو معیاری ترسیلی ڈھانچہ فراہم کرنے میںناکام ہو چکا ہے۔ سنئی کے محلہ اپر سنئی دھندک، ہاڑی، رجاڑہ، ڈوڈی، پوشانہ، بھونی کھیت ،تڑا موڑا ،مستاندرہ، پوٹھ اپر، درابہ کھیتاں کے علاوہ کئی ایسے علاقے ہیں جہاں محکمہ بجلی کا سامان مہیا نہیں کروا سکا جس کی بنیاد پر بجلی صارفین پریشان ہو رہے ہیں۔ کئی لوگوں سے دریافت کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ سردیوں میں بجلی کا حال بہت زیادہ خراب ہو جاتا ہے، ہر سال کی طرح امسال بھی کوئی حاص سدھار نظر نہیں آ رہا ہے ۔انھوں کہاکہ تاریں درختوں پر آویزاں ہیں اور کئی جگوں پر نصب کیے گئے ٹرانسفارمر بالکل زمین پر لٹکے ہوئے ہیں اور تاریں بھی لٹک رہی ہیں اور کھمبے نہ ملنے پر لوگوں نے مجبورہوکرتاریں درختوں سے باندھ دی ہیں۔ انھوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کو بجلی کے لئے معیاری سامان دستیاب کروایا جائے تاکہ ان کو جانی خطرات سے دوچار نہ ہونا پڑے اور بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کے سلسلے کو بند کیا جائے ۔