عظمیٰ نیوزسروس
سرنکوٹ// سب ڈویژن سرنکوٹ میں محکمہ آبپاشی کی تمام نہریں محکمہ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے خشک پڑی ہیں اور نتیجے میں تمام دھان کی فصل خشک ہوکرتباہ ہو چکی ہے اور مذکورہ محکمہ خواب غفلت سے بیدار نہ ہوسکا گزشتہ سال کئی مقامات پر بارشوں کی وجہ سے نہریں ٹوٹ چکی تھی اور محکمہ اسکی مرمت کرنے میں پوری طرح ناکام رہا اور دوسری وجہ پوٹھہ بائی پاس NH144A کی تعمیر کی وجہ سے بھی پوٹھہ گائوں کی تمام تر آبپاشی نہریں بند ہوگئی تھی لیکن اس پر تحصیل انتظامیہ نے کوئی بھی توجہ نہ دی۔ بار ہا کسانوں نے تحصیل انتظامیہ کے دفتروں میں عرضیاں پیش کی لیکن کسمپرسی سے دوچار ناتواں کسانوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوسکا جسکی وجہ سے آج آبپاشی کے بغیر دھان کی فصل تباہ ہو رہی ہے ۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے لوگوںنے کہا کہ اس بار محکمہ اور انتظامیہ کی لاپرواہی سے ہماری فصل تباہ ہورہی ہے جس کے باعث فاقہ کشی کا بھی اندیشہ ہے۔ متاثرہ کسانوں نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوے کہا کہ ان کی فصلوں کا تخمینہ لگایا جائے اورنقصان کا معاوضہ دیا جاے تاکہ نقصان کی بھرپائی ہوسکے۔