سرنکوٹ//سرنکوٹ آئی ٹی ائی کالج کے قریب لوگوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت حلقہ پنچایت لور سرنکوٹ کے سر پنچ طاہر مرزا کررہے تھے۔ اس دوران سرپنچ طاہر مرزا نے میونسپل کمیٹی سرنکوٹ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میونسپلٹی کمیٹی کی کارکردگی باعث اطمینان نہیں ہے اورانہوں نے کہاکہ جس طرح سے میونسپلٹی کمیٹی سرنکوٹ کام کر رہی ہے یہ کافی نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرنکوٹ بازار کا کوڑا کرکٹ آئی ٹی آئی کالج کے قریب جمع کردیتے ہیں جس کے نتیجے میں پورے علاقے میں ہر سو عفونت ہی عفونت ہے اور بیماری پھیلنے کاخطرہ لاحق ہوگیاہے ۔انھوں نے کہا کہ میونسپلٹی کمیٹی کو چاہیئے کہ وہ گندگی کو ایسی جگہ پر ڈھیر کریں جس سے آبادی والا علاقہ متاثر نہ ہو۔سراپااحتجاج لوگوں نے کہا کہ اگر میونسپلٹی کمیٹی اسی طرح سے کام کرتی رہے گی تو بڑے پیمانے پر احتجاج ہوگا کیونکہ لور سرنکوٹ کے لوگ ان بڑے بڑے گندگی کے ڈھیر کی وجہ سے دن بدن مشکل میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جہاں پر میونسپل کمیٹی گندگی کو ڈمپ کر رہی ہے وہاں پر کبھی کبھی لوگ سیر وتفریخ کے لیے جایا کرتے تھے۔ مگر وہاں سے عفونت کی وجہ سے انسان گزرنہیں سکتاہے لیکن بدقسمتی یہ ہے اس سے پہلے بھی دو بار مظاہرے کیے گئے لیکن محکمہ ٹس سے مس نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ گندگی کو کھڈے نکال کر ہی ڈالا جائے جس سے گندگی سامنے نظر نہ آئے جب اس بارے میں خبرنو منتخب صدر میونسپل کمیٹی سرنکوٹ ممتاز احمد بجاڑ کو ہوئی تو انھوں نے فوری طور محکمہ کو بلایااور محکمہ کی طرف سے صفائی کر مچاری بھیج دیے اور کمیٹی صدر نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ اب یہ شکایت کا موقعہ نہیں ملے گا ۔لور پنچایت سرنکوٹ کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کو ختم کیا۔