سرنکوٹ قصبہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت

سرنکوٹ// قصبہ سرنکوٹ کے چاروں اطراف پانی کے قدرتی وسائل موجود ہونے کے باوجود قصبہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ملازمین کو انتہائی درجہ کی لاپرواہی کی وجہ سے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرنکوٹ میں قدرتی چشموں کیساتھ ساتھ صاف پانی کے بہترین وسائل ہیں لیکن اس کے باوجود محکمہ کی جانب سے پانی سپلائی کے سلسلہ میں کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ جل شکتی کی طرف سے بازار میںپائپ لائن نصب کی گئی ہے تاہم اس کے باوجود بھی قصبہ کی عوام کو پانی دستیاب نہیں ہو رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی ایک واٹر سپلائی سکیم کی موٹر خراب پڑی ہوئی ہے تاہم محکمہ اس کی مرمت کیلئے لاپرواہی کا مظاہر ہ کررہا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ کئی دنوں سے مکینوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ موٹر کی مرمت کے بعدواٹر سپلائی کو دوبارہ سے شروع کیا جاسکے ۔